سلمان خان اور جیکلین فرنینڈز کی فلم ’کِک 2‘ التوا کا شکار کیوں؟

بالی کے سپرسٹار سلمان خان جو اپنی آنے والی فلم ’سکندر‘ کے لیے تیاری کر رہے ہیں، 2014 کی ہٹ فلم ’کِک‘ کے بعد اس کے پروڈیوسر ساجد نادیاوالا کے ساتھ دوبارہ جُڑنے کے لیے تیار ہیں۔
اگرچہ مداح فلم ’سکندر‘ کے انتظار میں ہیں لیکن وہ فلم کِک کے سیکوئیل ’کِک ٹو‘ کا بھی بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ساجد نادیاوالا کی اہلیہ وردا نادیاوالا نے بتایا کہ اس فلم پر کام ہو رہا ہے۔
کنیکٹ میڈیا نیٹ ورک کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ پروڈیوسر ساجد اس وقت سکرپٹ کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’کِک ٹو‘ تقریباً تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔
وردا نے کہا کہ ساجد پر دباؤ ہے کہ فلم کِک کا سیکوئل پہلی فلم سے زیادہ بہتر ہو۔ انہوں نے مداحوں سے صبر کی اپیل کی اور ساجد سے فلم جلد مکمل کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے مداحوں سے کہا کہ وہ ساجد نادیاوالا سے کہیں کہ ’فلم جلدی لے کر آؤ، ہم اسے پسند کریں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ساجد نادیاوالا بہت اچھا سکرپٹ لکھ رہے ہیں اور ’سکندر‘ کی تکمیل کے بعد ’کِک ٹو‘ کی پروڈکشن شروع ہو جائے گی۔‘
عید پر سلمان خان نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’اس عید ’چوٹے میاں، بڑے میاں‘ اور ’میدان‘ کو دیکھو اور اگلی عید پر ’سکندر‘ سے آ کر ملو، آپ سب کو عید مبارک۔‘
سلمان خان اس سے قبل ساجد نادیاوالا کی فلموں ’مجھ سے شادی کرو گی‘، ’جڑواں‘، اور ’کِک‘ میں کام کر چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے