بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے ہوئے کہا ہے کہ 7 اور 8 اگست کو فلپائنی فوجی طیاروں نے دو بار ہوانگ یئن جزیرے کے قریب فضائی حدود میں گھس کر چین کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی، جس پر چینی فوج نے قانون کے مطابق ضروری اقدامات کیے ۔ یہ آپریشن پیشہ ورانہ اور معیاری ہے اور چینی ملکی قوانین اور بین الاقوامی قوانین سے مطابقت رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ فلپائن نے امریکہ، آسٹریلیا اور کینیڈا کے ساتھ بحیرہ جنوبی چین میں نام نہاد مشترکہ گشت کے دوران چین کے ہوانگ یئن جزیرے کی فضائی حدود میں گھسنے کے لیے فوجی طیارے بھیجے تھے، جو کہ بدنیتی پر مبنی اشتعال انگیزی ہے۔ بدھ کے روز لین جیئن نے کہا کہ ہوانگ یئن جزیرہ چین کا علاقہ ہے اور چین کی ہوانگ یئن جزیرے اور اس سے ملحقہ سمندری اور فضائی حدود پر ناقابل تردید خودمختاری ہے۔ چین اس بات پر زور دیتا ہے کہ فلپائن کو فوری طور پر ہوانگ یئن جزیرے پر اپنی خلاف ورزی اور اشتعال انگیز کارروائیاں بند کرنی چاہئیں۔ چین اپنی قومی و علاقائی خودمختاری اور سمندری حقوق اور مفادات کے مضبوط تحفظ کے لیے قانون کے مطابق پرعزم اقدامات کرتا رہے گا۔