ماہرین آثار قدیمہ نے ترکیہ میں زلزلے کے بعد آثار قدیمہ کی ایک سائٹ سے قدیم تحریر پر مبنی ہزاروں سال پرانی مٹی کی چھوٹی سی تختی دریافت کرلی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دریافت شدہ مٹی کی چھوٹی سی تختی پر مشرق وسطیٰ کی قدیم لکھائی کی شکل (Cuneiform) میں تحریر موجود ہے جو کہ کانسی کے دور مشرق وسطیٰ کی زندگی پر روشنی ڈال سکتی ہے۔
ماہرین کی جانب سے قدیم لکھائی کی شکل (Cuneiform) کی تحریر والی نئی دریافت شدہ مٹی کی تختی کے بارے میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ یہ پندرہویں صدی قبل مسیح کے دور سے تعلق رکھتی ہے اور اکاڈین تحریر والی یہ تختی ایک قسم کی کوئی رسید ہے جو کہ بڑی تعداد میں فرنیچر کی خریداری سے متعلق ہے۔
اس سے قبل عراق میں بابلی تہذیب کے اکاڈین اور سمیرین ادوار سے تعلق رکھنے والی اسی طرح کی قدیم لکھائی کی شکل والی تختیاں دریافت ہوئیں تھیں۔
ترک وزیر ثقافت کا کہنا تھا نئی دریافت ہونے والی اس تختی کا وزن 28گرام جبکہ اس کی سائیز 1.7 بائے 1.4 انچ ہے، اس دریافت سے کانسی کے زمانے کے معاشی نظام کے بارے میں معلومات ملتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل قدیم شہر الالاخ کے آثار قدیمہ سے دریافت ہونے والی ایسی ہی تختیوں پر خام مال اور تکمیل شدہ مصنوعات کی تفصیلات ملی تھیں جو کہ مخصوص مقامات پر کاریگروں کی جانب سے بنائی گئی تھیں۔