بیجنگ (نمائندہ خصوصی)چینی صدر شی جن پھنگ اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چین اور متحدہ عرب امارات اچھے دوست ہیں جو ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہیں اور فائدہ مند تعاون کے لئے اچھے شراکت دار ہیں۔
سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے گزشتہ 40 سالوں کے دوران چین اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات میں مضبوط اور مستحکم ترقی ہوئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد مستحکم ہوا ہے، ترقیاتی حکمت عملیوں کو گہرائی سے ہم آہنگ کیا گیا ہے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کے نتیجہ خیز ثمرات برآمد ہوئے ہیں، افرادی اور ثقافتی تبادلے قریبی رہے ہیں، اور علاقائی اور بین الاقوامی امور میں اچھے روابط اور ہم آہنگی برقرار رکھی گئی ہے۔
صدر شی نے کہا کہ میں چین متحدہ عرب امارات تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہوں اور میں جناب صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہوں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر باہمی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو اعلیٰ سطح پر لے جایا جائے اور علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ کردار ادا کیا جائے ۔
شیخ محمد بن زید نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مسلسل ترقی، خوشحالی اور مزید تعاون کی خواہش کا اظہار کیا، اور کہا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کے لئے جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے اور فروغ دینے کے لئے پرعزم رہا ہے۔
اسی روز چینی وزیر اعظم لی چھیانگ اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔