چائنا میڈیا گروپ نے بارسلونا میں اسپین کے میڈیپرو براڈکاسٹ گروپ کے ساتھ تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔ فریقین نے میڈیا وسائل کے تبادلے، آڈیو ویژول پروگرام کی تیاری اور نئی تکنیکی جدت طرازی اور ایپلی کیشن کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔ سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شین ہائی شیونگ اور میڈیپرو کے چیئرمین ٹیکسیو بینیٹ نے دونوں فریقوں کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے۔
شین ہائی شیونگ نے کہا کہ ثقافتی تبادلوں کے لئے ایک اہم پل کی حیثیت سے میڈیا دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات اور باہمی تفہیم کو فروغ دینے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پیرس اولمپک کھیلوں کے حوالے سے سی ایم جی اپنے تکنیکی فوائد کو مکمل طور پر بروئے کار لائے گا تاکہ عالمی معیار کے کھیلوں کے ایونٹ کی پروڈکشن اور نشریات کے معیار کے ساتھ عالمی سامعین کے لئے اعلیٰ سطح کی آڈیو ویژول خدمات فراہم کی جا سکیں۔ میڈیپرو گروپ کھیلوں کے مقابلوں کی نشریات اور مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کی تحقیق اور ترقی میں بھرپور تجربہ اور کامیابیاں رکھتا ہے۔ امید ہے کہ دونوں فریق اس تعاون کو کھیلوں کی تقریبات، فلم اور ٹی وی ڈرامہ پروڈکشن، تکنیکی جدت طرازی وغیرہ میں تبادلوں کو مضبوط بنانے، مشترکہ طور پر دونوں ممالک کی میڈیا انڈسٹری کی ترقی کو فروغ دینے اور چینی اور مغربی تہذیبوں کے درمیان دوستی کے پل کی تعمیر کے موقع کے طور پر لیں گے۔
تعاون کی یادداشت کے مطابق فریقین عالمی سطح پر تعاون کریں گے، میڈیا مصنوعات اور تکنیکی وسائل کا تبادلہ کریں گے، پیشہ ورانہ تبادلے کریں گے، خبروں، ٹی وی ڈراموں، دستاویزی فلموں، خصوصی پروگراموں وغیرہ کی مشترکہ تیاری اور نشریات کریں گے، کھیلوں اور دیگر صنعتوں میں تعاون کو مضبوط بنائیں گے اور مشترکہ طور پر مواصلاتی مارکیٹ کو وسعت دینے کے لئے اپنے متعلقہ فوائد کو بھرپور کردار ادا کریں گے۔
1994 میں قائم ہونے والا میڈیپرو گروپ یورپ کے سب سے بااثر میڈیا گروپوں میں سے ایک ہے۔