پاکستان اور سعودی عرب کی ویمن فٹبال ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔
پاکستان اسکواڈ کی منگل اور بدھ کو قطر روانگی طے ہے تاہم پی ایس بی کی جانب سے ہنوز این او سی جاری نہیں کیا جاسکا،7 دسمبر کو شیڈول میچ میں شرکت کے لیے پاکستان ویمن فٹبال ٹیم نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اپنی منزل کی جانب روانہ ہونا ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی جانب سے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کو سرکاری اجازت نامہ جاری کرنے کی تحریری درخواست بھی سرخ فیتہ کی نذر ہوگئی، سعودی فٹبال فیڈریشن نے دونوں ممالک کی ویمن ٖفٹبال ٹیموں کے درمیان قطر میں دوستانہ میچ کی غیرمعمولی پیش کش کر رکھی ہے۔
پاکستان نے میچ سے قبل قطر میں قومی کیمپ لگانے اور اس کے اخرجات بھی برداشت کرنے کی سعودی پیش کش کو قبول کرلیا ہے، میچ کے لیے قومی ویمن اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے تاہم این او سی کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے خدشات برقرار ہیں۔
میچ کی منسوخی سے پاک سعودی تعلقات پر بھی برا اثر پڑسکتا ہے، دریں اثنا موقف جاننے کے لیے متعدد مرتبہ رابطے کی کوشش کے باجود پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ نے جواب دینے سے گریز کیا۔
دوسری جانب پاکستان فٹبال فیڈریشن نے سعودی عرب کے خلاف 7 دسمبر کو قطر کے شہر دوحہ میں ہونے والے فیفا دوستانہ میچ کے لیے قومی ویمنز اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ قومی ویمن اسکواڈ کی قیادت ماریہ خان کریں گی، عدیل رزقی ہیڈ کوچ کی ذمہ داری ادا کریں گے۔
بقیہ کھلاڑیوں میں نیشہ اشرف، آرزو اور جینہ فاروقی ( گول کیپرز)، سارہ خان، مشعل بھٹی، صوفیہ قریشی، مہرین گل، فاطمہ ناصر اور نزالہ صدیقی ( ڈیفینڈرز)، سوہا ہیرانی، رامین فرید، آمنہ حنیف، ثنا مہدی اور عالیہ صادق ( مڈ فیلڈرز)، زحمینہ ملک، اسرا خان، نادیہ خان، انمول حرا اور ایمان مصطفیٰ ( فارورڈز) شامل ہیں۔