امریکہ بحیرہ جنوبی چین میں امن و استحکام کے لئے مشکلات پیدا کرنا بند کرے ، چینی وزارت خارجہ

بیجنگ (نمائندہ خصوصی)  چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن سے یومیہ پریس کانفرنس میں امریکہ، یورپی یونین کی جانب سے بحیرہ جنوبی چین کے ثالثی کیس میں نام نہاد فیصلے کی حمایت کا اعلان سے متعلق پوچھا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ چین نے امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے جاری کردہ بیانات کا نوٹس لیا ہے اور اس حوالے سے چین کا موقف واضح ہے۔
امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے سمندری قانون سے متعلق کنونشن میں شمولیت سے انکار اور دیگر ممالک کی جانب سے کنونشن پر عمل درآمد پر انگلیاں اٹھانا، بین الاقوامی قوانین کو دوہرے معیار کے ساتھ اپنانے میں امریکی منافقت کو مکمل طور پر بے نقاب کرتا ہے۔ امریکہ اور یورپی یونین نے بحیرہ جنوبی چین کے مسئلے کے تاریخی اور معروضی حقائق کو نظر انداز کیا ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے، اور یو این سی ایل او ایس سمیت بین الاقوامی قانون کی غلط تشریح کی ہے۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور آسیان ممالک کی مشترکہ کوششوں سے بحیرہ جنوبی چین کی موجودہ صورتحال عام طور پر مستحکم ہے۔ ہم امریکہ کی قیادت میں خطے سے باہر کے ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے علاقائی ممالک کی کوششوں کا خلوص دل سے احترام کریں، ایسے بیانات اور اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں امن و استحکام کے لئے سازگار نہیں ہیں اور بحیرہ جنوبی چین میں امن و استحکام کے لئے مشکلات پیدا کرنا بند کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے