بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چین کے صدر شی جن پھنگ سے چین کے سرکاری دورے پر موجود وانواتو کے وزیر اعظم چارلوٹ سالوی نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ملاقات کی۔جمعہ کے روز شی جن پھنگ نے چین وانواتو تعلقات کی ترقی کو فروغ دینے میں سالوی کے دیرینہ اہم کردار کی تعریف کی۔
شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ وانواتو بحرالکاہل جزیرے کے ممالک میں چین کا ایک اچھا دوست اور شراکت دار ہے۔ چین اور وانواتو کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے گزشتہ 42 سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوستی قائم رہی ہے اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی ہے۔ چین ، چین وانواتو تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اعلیٰ سطحی سیاسی باہمی اعتماد کو گہرا کرنے، اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر، ہمہ وقت اور ہمہ جہت دوستانہ تعاون کو گہرا کرنے اور نئے دور میں چین وانواتو ہم نصیب سماج کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
چین وانواتو کو بناء کسی سیاسی مقصد کے معاشی اور تکنیکی معاونت فراہم کرتا رہے گا تاکہ وانواتو کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونے میں مدد مل سکے۔سالوی نے کہا کہ 42 سال قبل وانواتو اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں اچھی اور مضبوط ترقی ہوئی ہے۔ صدر شی جن پھنگ کی جانب سے تجویز کردہ تین عالمی انیشی ایٹوز اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی تعمیر کا تصور عالمی شفافیت اور انصاف کو برقرار رکھنے اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ وانواتو حکومت ایک چین کے اصول پر سختی سے کاربند ہے، اور تائیوان، سنکیانگ، ہانگ کانگ، تبت، انسانی حقوق، بحیرہ جنوبی چین اور دیگر معاملات پر چین کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔