بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چینی صدر شی جن پھنگ نے باؤ پھئے چھنگ، چھاؤ چھی یونگ سمیت ہانگ کانگ کے دیگر صنعت کاروں کے ایک خط کا جواب دیا جن کا آبائی گھر صوبہ زے جیانگ کا شہر ننگ بو ہے۔جمعرات کے روز شی جن پھنگ نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ان صنعت کاروں نے وطن اور آبائی شہر سے محبت میں کاروبار اور تعلیمی فنڈ قائم کر کے اپنے آبائی شہر کی تعمیر اور ملکی ترقی میں جو فعال کردار ادا کیا ہے وہ نسل در نسل منتقل ہونے والی حب الوطنی اور آبائی شہر سے محبت کی عکاسی کرتا ہے۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی تعمیر اور قوم کے احیاء کے لیے تمام چینیوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ صنعت کار اپنی خوبیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے چینی طرز کی جدید کاری میں فعال طور پر اپنا حصہ ادا کریں گے، اور چینی قوم کی نشاۃ الثانیہ کے لیے نئی خدمات سرانجام دیں گے۔
جدید دور میں صوبہ زے جیانگ کے شہر ننگ بو سے بڑی تعداد میں صنعت اور تجارت سے منسلک لوگ آبائی علاقوں سے دوسرے خطوں میں منتقل ہوئے ہیں اور پھر ان افرا د نے اپنے آبائی شہر کی تعمیر کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے ۔حالیہ دنوں ہانگ کانگ میں ننگ بو سے تعلق رکھنے والے باؤ پھئے چھنگ، چھاؤ چھی یونگ سمیت دیگر صنعت کاروں نے صدر شی کے نام ایک خط لکھا تھا اور مادر وطن کی جدید کاری میں اپنا حصہ ڈالنے کے عزم کا اظہار کیا تھا ۔