دنیا کا قدیم ترین آباد شہر کونسا ہے؟

یہ تو واضح نہیں کہ انسانوں کو زمین پر کتنا عرصہ گزر چکا ہے مگر ہزاروں سال تو ہوچکے ہیں۔

انسانی تاریخ میں کسی وقت ہمارے آباؤ اجداد نے شہر بسانے کا فیصلہ کیا اور اس طرح شہروں کی بنیاد رکھی گئی۔

ان میں سے کچھ قدیم شہر ایسے ہیں جو اب بھی اپنی جگہ پر کھڑے ہیں اور وہاں ہزاروں برسوں سے انسان مقیم ہیں۔

مگر دنیا کا قدیم ترین آباد شہر کونسا ہے؟ اس سوال کا جواب دینا آسان نہیں۔

ہزاروں سال پرانے ان شہروں کی درست تاریخ کی نشاندہی کرنا بہت مشکل ہے مگر پھر بھی چند شہر ایسے ہیں جن کو قدیم ترین آباد شہر خیال کیا جاتا ہے۔

اریحا (Jericho)، فلسطینی شہر

دنیا کا قدیم ترین آباد شہر کونسا ہے؟
یہ شہر ہزاروں برسوں سے آباد ہے / فوٹو بشکریہ آئی ایف ایل سائنس

اریحا مغربی کنارے کا ایک فلسطینی شہر ہے یہ وادی اردن میں واقع ہے جس کے مشرق میں دریائے اردن اور مغرب میں یروشلم واقع ہے۔

اسے دنیا کے قدیم ترین آباد شہروں میں سے ایک خیال کیا جاتا ہے۔

ماہرین آثار قدیمہ نے اریحا میں 20 سے زیادہ بستیوں کی باقیات کا پتہ لگایا ہے جن میں سب سے قدیم بستی 11 ہزار سال پرانی تھی۔

تاریخی شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ اس شہر کی حفاظتی دیواریں 9 ہزار سال قبل تعمیر کی گئی تھیں۔

ابھی اسے دنیا کا قدیم ترین حفاظتی دیوار والا شہر قرار دیا جاتا ہے مگر یہ اتنے عرصے آباد رہا اس بارے میں یقین سے کچھ کہنا مشکل ہے۔

دمشق، شام

دنیا کا قدیم ترین آباد شہر کونسا ہے؟
دمشق میں ہزاروں سال پرانی انسانی بستیوں کے شواہد ملے ہیں / فوٹو بشکریہ یونیسکو

شام کے دارالحکومت میں ہزاروں سال پرانی انسانی بستیوں کے شواہد ملے ہیں۔

یونیسکو کے مطابق شہر کے نواح میں ہونے والی کھدائی سے عندیہ ملتا ہے کہ دمشق کی بنیاد 8 سے 10 ہزار سال قبل رکھی گئی تھی۔

مگر یہ آغاز میں اہم شہر نہیں تھا بلکہ 3 ہزار سال قبل اسے اہمیت حاصل ہوئی۔

حلب، شام

دنیا کا قدیم ترین آباد شہر کونسا ہے؟
شام کا یہ شہر بھی ہزاروں سال پرانا ہے / فوٹو بشکریہ یونیسکو

شام کا ایک اور شہر حلب بھی ہزاروں سال پرانا ہے۔

اس بارے میں یقین سے کچھ کہنا تو مشکل ہے مگر ماہرین کے خیال میں اس کی بنیاد 5 سے 8 ہزار سال قبل کسی وقت رکھی گئی۔

یہاں پر 3 ہزار پرانی بستیوں کے شواہد ملے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے