بالی ووڈ اداکارہ اننیا پانڈے، جو 2019 میں پنیٹ ملہوترا کی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 سے ڈیبیو کر چکی ہیں، اپنے کیریئر کے آغاز میں تنقید کا سامنا کر چکی ہیں۔ تاہم، ان کی والدہ بھاونا پانڈے نے حال ہی میں ان کے کام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کی ترقی پر فخر محسوس کرتی ہیں، مگر مانتی ہیں کہ اننیا اس فلم میں کافی "خام” تھیں۔
بھاونا پانڈے نے ایک انٹرویو میں کہا، ’’اننیا نے اپنی پوری کوشش کی، لیکن فلم میں کئی عوامل ایسے ہوتے ہیں جو اثر انداز ہوتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ اس وقت بہت خام تھیں اور مکمل طور پر یہ نہیں سمجھ پا رہی تھیں کہ کیا کرنا ہے۔‘‘
بھاونا پانڈے نے کھو گئے ہم کہاں، کال می بے اور دیگر پروجیکٹس میں اننیا کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اب ایک بہتر اداکارہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کال می بے کو بار بار دیکھتی ہیں کیونکہ اس میں اننیا کا مزاحیہ کردار بہت دل چسپ تھا۔
جہاں بھاونا پانڈے نیٹ فلکس کی سیریز فیبولس لائفز آف بالی ووڈ وائیوز کے تیسرے سیزن کی کامیابی کا لطف اٹھا رہی ہیں، وہیں اننیا پانڈے کی نئی فلم شنکرا میں اکشے کمار اور آر مادھون کے ساتھ کام کرنے کی خبریں بھی گردش میں ہیں۔