سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے اس سال موسم گرما میں مملکت کے بیشتر علاقوں میں اوسط درجہ حرارت میں 80 فیصد تک اضافے کی توقع ہے جو معمول سے 2 ڈگری زیادہ ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کی جانب سے جون سے اگست 2024 تک کے لیے تفصیلی رپورٹ جاری کی گئی جس میں مملکت کے مختلف علاقوں میں موسمی حالات کے بارے میں پیش گوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی اور اگست میں بارشں میں اضافے کا امکان ہے۔ الباحہ، عسیر، جازان اور نجران میں اس کے امکانات 70 فیصد تک جبکہ مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں میں شدید سے زیادہ بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی میں حائل، القصیم، الجوف، شمالی حدود کے علاقوں، مدینہ منورہ اور تبوک میں درجہ حرارت میں دو ڈگری مزید اضافے کا امکان ہے جبکہ ریاض اور الشرقیہ کے علاقوں میں ڈیڑھ ڈگری اور باقی علاقوں میں درجہ حرارت میں ایک ڈگری تک اضافہ متوقع ہے۔
اگست میں درجہ حرارت کے حوالے سے حائل اور شمالی سرحدی علاقوں میں اوسط سے دو ڈگری تک کی تبدیلی جبکہ ریاض، الشرقیہ، مدینہ اور تبوک میں ڈیڑھ ڈگری تک اضافے کا امکان ہے۔ اسی طرح باقی علاقوں میں ایک ڈگری تک درجہ حرارت میں تبدیلی رہے گی۔
رپورٹ میں جولائی میں مملکت کے تمام علاقوں میں معمول کی شرح سے زیادہ اور 60 سے 70 فیصد کے درمیان بارش ہونے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ جبکہ اگست میں مملکت کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکانات 60 فیصد تک رہیں گے۔
اسی طرح مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشرقی علاقوں میں معمول کی اوسط بارش کی توقع ہے۔