پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ لوگ سرجری کا پوچھ رہے ہیں، کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں نہیں کرتے۔
محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی کپتانی کے بارے میں بورڈ نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ’لوگ سرجری کا پوچھ رہے ہیں، کبھی کوئی فیصلہ جلدی میں نہیں کرتے۔ جلد بازی کے فیصلے اکثر نقصان دہ ہوتے
انہوں نے بتایا کہ ’بابر اعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ کپتان کو تبدیل کرنے سے متعلق فیصلہ سابق کرکٹرز کریں گے۔ مجھے بھی محسوس ہوا ہے کہ غلطیاں ہوئی ہیں لیکن سابق کرکٹرز فیصلہ کریں گے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے رپورٹ جمع کروا دی ہے۔ انہوں نے ورلڈ کپ میں کارکردگی سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور اظہر محمود کو بات چیت کے لیے بلا لیا ہے
چیئرمین پی سی بی نے مزید بتایا کہ وہ سابق کرکٹرز سے رابطے میں ہیں جو کرکٹ کو بہتر کرنا جانتے ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ’وہ سابق کرکٹرز معاملات کو دیکھیں گے جن کی روزی روٹی مختلف ٹی وی چینلز پر بولنا نہیں ہے۔ ایک سابق کرکٹر نے بڑی محنت سے بہتری کے لیے تفصیلی رپورٹ دی ہے۔‘