پاکستان اور چین کا ٹی ٹی پی سے انگیجمنٹ سے متعلق کوئی ایجنڈا نہیں: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ  پاکستان اور چین کا کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے انگیجمنٹ سے متعلق کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز  زہرا بلوچ نے کہا کہ افغانستان میں ہمارے سفارتکاروں کا کام افغان حکومت سے رابطے میں رہنا ہے،  افغانستان میں پاکستانی ناظم الامورکی افغان وزیر دفاع سے ملاقات کے امور میڈیا سے شیئر نہیں کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے،  پاکستان اور چین کا ٹی ٹی پی سے انگیجمنٹ سے متعلق کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بیلاروس کےصدر نے وزیر اعظم کی دعوت پر دورہ کیا،  پاکستان اور بیلاروس کے درمیان متعدد جامعہ معاہدے کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ دورے میں آنے والے وقت کےلیے جامع تعاون کے روڈ میپ پر بھی دستخط ہوئے جبکہ دورے کی سائیڈ لائنز  پر ایک بزنس فورم بھی منعقد ہوا جس میں  پاکستان اور بیلا روس کے تاجروں نے شرکت کی۔

ممتاز  زہرا بلوچ نے کہا کہ یو اے ای کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد کی فی الحال تصدیق نہیں کی جاسکتی، پاکستانی شہریوں پر یو اے ای نے ویزے کی پابندی عائد نہیں کی۔

ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان یقین رکھتا ہے کہ کھیلوں کو سیاست زدہ نہ کیا جائے، پاکستان آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کر رہا ہے، امید ہے چیمپئنز ٹرافی کے لیے تمام ممالک شریک ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے