آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کی حمایت سے ملک کیخلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنا ئے گی، افواج قوم کی حمایت سے ملکی دفاع اور سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں،پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نارووال اور سیالکوٹ میں ٹریننگ فیلڈ کا دورہ کیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر گوجرانوالہ اور آئی جی ٹریننگ نے استقبال کیا، آرمی چیف کو مشق کے مقاصد پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ آرمی چیف نے جوانوں کے ساتھ دن گزارا اور جوانوں کے تربیتی معیار، پیشہ وارانہ تیاریوں اور بلند جذبے کو سراہا، آرمی چیف نے مشقوں کا معائنہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے دشمن کے کسی بھی حملہ سے نمٹنے کیلئے مسلسل تیار رہنے کی اہمیت کو اجاگر کیا، مشق کا مقصد جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔مشق کے دوران آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، آرمی ایوی ایشن اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس نے مشترکہ فائر کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج تمام خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ آرمی چیف نے ہر ممکن خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیاری برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ مسلح افواج قوم کی پختہ حمایت کے ساتھ پیارے وطن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کو ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ خیال رہے تین روز قبل چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے نیشنل کاونٹر ٹیررازم سینٹر پبی کا دورہ کیا تھااور پاک-چین مشترکہ مشق واریئر 8 کا جائزہ لیا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن فوج کے درمیان مشترکہ مشق واریئر 8 کے شرکا سے بات چیت کی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو مشق کے دائرہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔ جنرل سید عاصم منیر نے مشق کے شرکا سے بات چیت بھی کی تھی۔ انہوں نے مشترکہ مشق کے دوران شرکا کی پیشہ وارانہ مہارت اور بلند حوصلے کو سراہا تھا۔مشترکہ انسداد دہشت گردی کی تین ہفتے طویل مشقیں سالانہ منعقد کی جاتی ہیں، اور یہ آٹھویں مشق تھی۔