بالی وڈ کے سینئر اداکار متھن چکرورتی کو ان کے فلمی کیرئیر کے 48 سال گزارنے کے بعد بھارتی سنیما کے سب سے بڑے’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ‘ سے نوازے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارت کے وزیر اطلاعات و نشریات ایشونی وشنو نے ایکس ( ٹوئٹر) پر متھن چکرورتی کو ’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘ سے نوازے جانے کی خبر شیئر کی۔
ایشونی ویشنو نے ٹوئٹ کی ’مجھے اعلان کرتے ہوئے فخر ہے کہ دادا صاحب پھالکے سلیکشن جیوری نے فیصلہ کیا ہے کہ لیجنڈ اداکار متھن چکرورتی کوبھارتی سنیما میں ان کی شاندار خدمات کے لیے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا‘۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’متھن کو 8 اکتوبر کو 70 ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب میں اس ایوارڈ سے نوازا جائے گا‘ ۔
متھن چکرورتی کا ردعمل
دوسری جانب اس حوالے سے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متھن چکرورتی کا کہنا تھا کہ’ میرے پاس ایسے الفاظ نہیں جو بیان کرسکیں کہ میں کیسا محسوس کر رہا ہوں، نہ میں ہنس سکتا ہوں اور نہ رو سکتا ہوں، میں کولکتہ کی گلیوں سے آیا ہوں، سوچ نہیں سکتا تھا کہ ایسی جگہ کا لڑکا اس طرح کے ایواڈ سے نوازا جائیگا، بے حد خوش ہوں اس ایوارڈ کو اپنی فیملی اور اپنے مداحوں کےنام کرتا ہوں‘۔
متھن کا فلمی کیرئیر
واضح رہے کہ بالی وڈ اداکار متھن نے بھارتی سنیماکی سیکڑوں فلموں کیلئے کام کیا اور یہ سفر اب بھی جاری ہے۔
متھن کا فلمی کیرئیر 1976 میں فلم ‘مریگیا’ سے شروع ہوا جس کے بعد پچھلے 48 سالوں سے متھن نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
متھن چکرورتی نے بھارتی انڈسٹری کو کروڑوں کا بزنس کرنے والی فلمیں تو دیں لیکن 100 کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی پہلی ہٹ فلم دینے کا اعزاز بھی متھن چکرورتی کے پاس ہے۔
متھن کی فلم ‘ڈسکو ڈانسر’ نے 100 کروڑ کا بزنس کرکے تاریخ رقم کی تھی۔