لیما(نمائندہ خصوصی)لیما کے ایوان صدر میں ویڈیو لنک کے ذریعے چانکے بندرگاہ کی افتتاحی تقریب میں چین اور پیرو کے سربراہان مملکت نے مشترکہ طور پر شرکت کی اور بندرگاہ کے افتتاح کا اعلان کیا ۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطابق چینی صدر شی جن پھنگ نے چانکے بندر گاہ کے افتتاح پر مبارکباد دی۔
شی نے کہا کہ چانکے بندر گاہ جنوبی امریکہ میں پہلی اسمارٹ اور گرین پورٹ ہے ، جس کی تکمیل کے بعد پیرو کو بہت زیادہ فوائد حاصل ہوں گے ، بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور یہ زمین کو سمندر سے اور ایشیا اور لاطینی امریکہ کو جوڑنے والے گیٹ وے کے طور پر پیرو کی پوزیشن کومستحکم کرے گی۔ صدر شی نے کہا کہ 2,000 سال سے زائد عرصہ پہلے، چینی قوم کے آباؤ اجداد نے مشرق اور مغرب کو ملانے والی میری ٹائم سلک روڈ بنائی تھی۔ 500 سال سےزائد عرصہ پہلے ، پیرو کے آباؤ اجداد نے انکا ٹریل بنائی جو اینڈیز پہاڑوں سے شمال سے جنوب تک جاتی ہے۔
آج کی چانکے بندرگاہ “نئے عہدمیں انکا ٹریل” کے لئے ایک نیا نقطہ آغاز بن رہی ہے۔ چانکے سے شنگھائی تک کا یہ راستہ نہ صرف پیرو میں “بیلٹ اینڈ روڈ”انیشیٹو کا ثمر ہے، بلکہ نئے عہد میں ایک نئے ایشیا-لاطینی امریکہ زمینی-سمندری راہداری کا آغاز بھی ہے.
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں مشترکہ کوشش کرنی چاہیے، وسیع مشاورت، مشترکہ شراکت اور مشترکہ فوائد کے اصول پر عمل کرنا چاہیے، اور بحرالکاہل کی ساحلی معیشتوں کو مشترکہ ترقی کرنے کے لیے بااختیار بنانا چاہیے، تاکہ اسے پیرو اور یہاں تک کہ لاطینی امریکہ اور کیریبین ممالک کی اکثریت کے لیے حقیقی معنوں میں خوشحالی کا راستہ بنائیں، اور وسیع مواقعوں کے ساتھ باہمی فائدے اور جیت جیت کے نتائج حاصل کریں۔