بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چائنا فیڈریشن آف لاجسٹکس اینڈ پرچیزنگ اور چین کے قومی محکمہ شماریات کے سروس انڈسٹری سروے سینٹر کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ نومبر میں چین کا مینوفیکچرنگ پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس 50.3فیصد رہا جو اکتوبر کے مقابلے میں 0.2 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہے۔ مینوفیکچرنگ پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس میں مسلسل تین ماہ سے ماہ بہ ماہ اضافہ ہوا ہے، اور مسلسل دو ماہ سے توسیع کی حد میں چل رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ستمبر کے اواخر میں چینی حکومت کی جانب سے پالیسیوں کانیا پیکج متعارف کروانے کے بعد سے اکتوبر میں پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس مکمل طور پر بحال ہوا ہے اور نومبر میں پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس میں ہمہ جہت بہتری کا سلسلہ جاری ہے جو کہ انتہائی خوش آئند تبدیلی ہے۔ توقعات کے انتظام اور اعتماد کی بحالی کو فروغ دینے میں نسبتاً اچھے نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ نومبر میں ، نیو آرڈر انڈیکس 50.8فیصد رہا، جو مسلسل تین ماہ سے ماہ بہ ماہ بڑھ رہا ہے ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ کی طلب میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے اور تیز تر بحالی کا رجحان ظاہر ہوا ہے۔ انٹرپرائزز کی پیداوار کی آمادگی میں بھی مزید اضافہ ہوا ہے ، اور پروڈکشن انڈیکس مسلسل تین ماہ سے توسیع کی حد میں چل رہا ہے ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مینوفیکچرنگ کی پیداواری سرگرمیاں ستمبر سے مسلسل بڑھ رہی ہیں اور تیز ہوگئی ہیں۔ اس کے علاوہ صنعتی اداروں کے اعتماد کو مزید تقویت ملی ہے۔ نومبر میں پیداواری اور کاروباری سرگرمیوں کا متوقع انڈیکس 54.7 فیصد رہا جو اکتوبر کے مقابلے میں 0.7 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے، جس میں مسلسل دو ماہ سے اضافہ ہوا ہے۔