ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں سیاحت کےلیے چینی شہریوں کی آمد میں 800 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق سعودی ایوان صنعت و تجارت میں سیاحتی کمیٹی کے سربراہ نایف الراحجی نے کہا ہے کہ سیاحتی سیکٹر کے فروغ اور بیرونی سیاحوں کی مملکت میں بڑھتی ہوئی سیاحت کے حوالے سے جامع انداز میں کام کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے مختلف ممالک کے لوگ یہاں سیاحت کے لیے آنے میں غیرمعمولی دلچسپی رکھتے ہیں۔ نایف الراحجی نے کہا کہ چینی سیاحوں کی بڑی تعداد مملکت کے مختلف مقامات کی سیاحت کی خواہشمند ہے جس کےلیے ٹورآپریٹرز کے تحت گروپ سیاحت کے پیکیجز ترتیب دیے گئے ہیں۔چینی سیاحوں کےلیے ڈیجیٹل ٹورسٹ ویزہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے علاوہ ازیں ٹرانزٹ پرآنے والوں کو 96 گھنٹے کا ویزا بھی جاری کیا جاتا ہے۔سیاحت کے فروغ کے لیے پروگرام ’سعودی جاو‘ میں چینی سیاحوں کو راغب کرنے کےلیے چینی زبان میں بھی اہم معلومات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چینی سیاح عام طورپر اپنے ٹور میں کافی خرچ کرتے ہیں۔ گزشتہ برس چینی سیاحوں نے 196.5 ارب ڈالر سیاحت پرخرچ کیے۔ریاض اور بیجنگ کے مابین فضائی روٹس کی تعداد میں اضافے کے بعد سیاحوں کی آمد میں غیرمعمولی اضافے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ 2030 تک چین سے 50 لاکھ افراد مملکت کی سیاحت کےلیے آئیں جس کے لیے بڑے پیمانے پر منصوبے تیار ہیں۔