اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے سیکرٹری کلچر و ثقافت نور محمد جوگیزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر گوادر بندرگاہ اور سی پیک مستقبل میں پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتے ہیں، ہم پاکستان اور بلوچستان کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ نواب سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان میں کلچر اور ثقافت کے فروغ کیلئے بہت زیادہ کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے جمعرات کو ”اے پی پی” کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ بلوچستان میں پٹھان، پنجابی، سندھی اور بلوچ قوم کے ساتھ گلگت اور کشمیری قومیں بھی آباد ہیں جس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ بلوچستان تہذیب تمدن و ثقافت کے حوالہ سے ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے اور ملک کیلئے حالات مشکل ہیں، ہم بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کے حامی ہیں اور انہیں ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں نور محمد جوگیزئی نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت پوری دنیا کیلئے مسلمہ ہے، صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، وسیع رقبہ رکھنے کی وجہ سے بھی بلوچستان دفاعی اہمیت کا حامل ہے۔ سی پیک سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین صدیوں سے آزمودہ دوست ہیں، پاکستان میں سی پیک اور گوادر بندرگاہ مستقبل میں نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوں گے، سی پیک سے بلوچستان سمیت ملک کو اس لحاظ سے بہت فائدہ اور زرمبادلہ کا حصول ممکن ہو سکے کہ مشرق وسطیٰ کی ریاستوں اور یورپ تک تجارتی قافلوں کو رسائی ہو گی، تجارتی عالمی منڈیاں ایک نئی شکل کے ساتھ وسعت اختیار کریں گی، گزرگاہ کے طور پر پاکستان کو مالی فائدہ ہو گا، اسی طرح گوادر بندرگاہ ایک گہری گودی رکھنے والی بندرگاہ ہے اور اس طرز کی بندرگاہیں دنیا میں بہت کم ہیں لہٰذا اس گودی میں بحری جہازوں کی نقل و حرکت اور قیام سے پاکستان براہ راست استفادہ کر سکے گا، ظاہر ہے یہ سرگرمیاں بلوچستان کی سرزمین سے ہوں گی، اس لحاظ سے بلاشبہ سی پیک اور گوادر پورٹ مستقبل میں صوبے اور ملک کیلئے گیم چینجر ثابت ہوں گے جس کی پوری دنیا اس کی معترف ہو گی۔
بلوچستان میں کلچر اور ثقافت کیلئے حکومتی اقدامات سے متعلق سوال پر سیکرٹری نور محمد جوگیزئی نے جواب میں کہا کہ لوک ورثہ میں دستکار اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں سے متعلق لوک ورثہ میلے کا انعقاد ایک مثبت روایت ہے، جہاں تک بلوچستان کا تعلق ہے وزیراعلیٰ نواب سرفراز بگٹی نے مقامی دستکاری کے ساتھ بلوچستان کے کلچر اور ثقافت کو قومی اور عالمی سطح پر فروغ دینے کیلئے بڑے منصوبوں کا اعلان کیا ہے اور فنڈز مختص کئے ہیں، بلوچستان باقاعدگی سے اپنی ثقافت اور کلچر کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کیلئے لوک ورثہ کے رول ماڈل کو سامنے رکھتے ہوئے اس طرز پر ایونٹ منعقد کرائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے جو بھی حالات ہیں ہمیں ہم آہنگی کے ساتھ درپیش چیلنجز کا سامنا کرنا ہے، بلوچستان میں سیاحت کیلئے بے شمار مواقع موجود ہیں، ہم لوگوں کو بلوچستان میں محفوظ رسائی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔\932