بارباڈوس میں پھنسی انڈین کرکٹ ٹیم کو واپس لانے ایئر انڈیا کی خصوصی فلائٹ

ویسٹ انڈیز کے جزیرے بارباڈوس میں سمندری طوفان کے دوران انڈین کرکٹ ٹیم کو وطن واپس لانے کے لیے ایئر انڈیا کی خصوصی پرواز پہنچ گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق یہ خصوصی پرواز انڈیا کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو وطن واپس لائے گی۔
ویسٹ انڈیز کے جزائر میں چوتھے درجے کے سمندری طوفان ’بیرل‘ کی وجہ سے انڈیا کی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ 2024 جیتنے کے بعد بارباڈوس میں پھنس گئی ہے۔
انڈیا کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوچز، کرکٹرز اور ان کے اہل خانہ کی وطن واپسی کے لیے ایئر انڈیا کی خصوصی پرواز کا انتظام کیا گیا۔
سمندری طوفان بیرل نے بارباڈوس کے ہوائی اڈوں کو مکمل طور پر بند کر دیا تھا، جہاں سنیچر کو ورلڈ کپ کا فائنل ہوا تھا۔
ایک دلچسپ مقابلے کے بعد اس فائنل میں انڈین ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی جیت لی۔
توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ انڈیا کی کرکٹ ٹیم جمعرات کو نئی دہلی پہنچے گی۔
سمندری طوفان کی وجہ سے پھنس جانے والے کھلاڑیوں کے لیے انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے خصوصی چارٹرڈ پرواز کا انتظام کیا۔
ٹیم کے کھلاڑیوں، ان کے اہل خانہ، کوچز اور انڈیا کے سپورٹس صحافی فائنل کے فوراً بعد اپنے ہوٹلوں تک محدود ہو گئے تھے کیونکہ بارباڈوس نے سمندری طوفان بیرل کی وجہ سے کرفیو نافذ کر دیا تھا۔
شہر میں پانی اور بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
انڈیا کی سپورٹس جرنلسٹ سنجنا گنیسن نے پیر کو بارباڈوس سے انسٹاگرام پر ایک سٹوری شیئر کی جس میں وہ اپنے شوہر جسپریت بمراہ کو اپنے ہوٹل کی کھڑکی سے باہر سمندر کی طرف دیکھتے ہوئے دکھا رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے