اداکار شہریار منور اور اداکارہ ماہین صدیقی کے درمیان معاشقے اور دونوں کی جلد شادی کی افواہوں کے بعد حال ہی میں جب دونوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ایک دوسرے کے ساتھ پارٹی بنانے کی تصاویر شیئر کیں تو صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔
شہریار منور نے حال ہی میں اپنی سالگرہ کے موقع پر ماہین صدیقی کی جانب سے مبارک باد دیے جانے کی تصویر کو انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے اداکارہ کو ”جان“ قرار دیا۔
ساتھ ہی شہریار منور نے ماہین صدیقی سمیت دیگر شوبز شخصیات کی جانب سے رات دیر گئے گھر آکر سالگرہ کی پارٹی منانے کی تصویر بھی شیئر کرتے ہوئے اداکارہ سمیت دیگر شخصیات کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دونوں کی جانب سے سالگرہ پارٹی منانے اور ایک دوسرے کے لیے ”جان“ جیسے الفاظ استعمال کرنے پر سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر وائرل ہوگئیں اور سوشل میڈیا پیجز نے دعویٰ کیا کہ دونوں نے پہلی بار آفیشلی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ انسٹاگرام پر تصاویر اور الفاظ کا تبادلہ کیا ہے۔
دونوں کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر شیئر کیے جانے کی پوسٹس وائرل ہوئیں تو صارفین نے ان کی تصاویر اور تعلق پر دلچسپ تبصرے کیے۔
بعض افراد نے شہریار منور پر الزام عائد کیا کہ وہ ہمیشہ دوسروں کی منگیتر چراتے رہتے ہیں؟
اسی طرح کچھ افراد نے سوالیہ انداز میں کمنٹس کیے کہ ماہین صدیقی کی گلوکار اذان سمیع خان سے منگنی نہیں ہونے والی تھی؟
اسی طرح کچھ افراد نے نشاندہی کی کہ ماضی میں اسی طرح کبھی مایا علی بھی شہریار منور کی سالگرہ منایا کرتی تھیں۔
کچھ صارفین نے ان کے تعلق کو لے کر ان کی خوبصورتی اور جسامت پر بھی کمنٹس کیے اور لکھا کہ شہریار منور ہینڈسم مرد ہیں جب کہ ماہین صدیقی میں وٹامن ڈی کی کمی نظر آتی ہے۔
اس سے کچھ ہفتے قبل شہریار منور نے ایک انٹرویو میں ماہین صدیقی کا نام لیے بغیر بتایا تھا کہ ان کا رشتہ ہو چکا ہے اور ان کے والدین بھی ان کے رشتے پر خوش ہیں اور وہ جلد نئی زندگی شروع کرنے والے ہیں۔
گزشتہ چند ماہ سے سوشل میڈیا پر افواہیں ہیں کہ جلد ہی شہریار منور اور ماہین صدیقی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، تاہم دونوں نے اس ضمن میں کھل کر بات نہیں کی لیکن اب انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ساتھ تصاویر شیئر کرکے لوگوں کی اندازوں کو یقین میں بدل دیا۔