راولپنڈی : دوسری بیوی سے پہلی شادی چھپا کر خود کو کنوارہ ظاہر کرنا شوہر کو مہنگا پڑگیا، اب شوہر کو 10 سال کی سزا بھگتنا پڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے راولپنڈی میں دوسری بیوی سے نکاح نامہ میں پہلی شادی کو چھپا کر کنوارہ لکھوانے پر شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے شوہر کے خلاف تعزیرات پاکستان کے سیکشن، ,465،420 ،495 کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے، مذکورہ دفعات کے تحت شوہر کو 10 سال کی سزا ہو سکے گی۔
ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی نے شوہر کے خلاف مقدمہ میں ناقابل ضمانت دفعات شامل کرنے کا حکم دیا تھا تاہم پولیس کے مقدمہ درج نہ کرنے پر مدعیہ خاتون نے ایف آئی آر کیلیے عدالت سے رجوع بھی کیا تھا۔
خاتون کی طرف سے عدالت میں سید عمر سہیل شاہ ایڈوکیٹ، راجہ شبیر احمد ایڈووکیٹ, راشد عمر اولکھ ایڈووکیٹ، اور محمد عثمان چوہان ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے۔
مذکورہ دفعات کے تحت پنجاب میں پہلی بار کسی شوہر پر ایف آئی آر درج ہوئی ہے، ایف آئی آر تھانہ صادق آباد راولپنڈی میں درج رجسٹرڈ ہوئی۔