بیجنگ (نمائندہ خصوصی) فن لینڈ کے صدر الیگزنڈر اسٹب چین کے چار روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے تھے۔ فن لینڈ کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ چین ہے۔ اس موقع پر انہوں نے چائنا میڈیا گروپ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں چین کی ترقی کو سراہا۔ ہفتہ کے روز انہوں نے چینی صدر شی جن پھنگ سے ملاقات کی۔ اس حوالے سے اسٹب نے کہا کہ فریقین نے مختلف امور پر کھل کر بات چیت کی اور انہوں نے دنیا میں چین کے مقام اور کردار کے بارے میں گہری تفہیم حاصل کی ہے۔
فینش صدر نے مزید کہا کہ چین نے گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو جیسے بہت سے پرجوش منصوبے پیش کیے ہیں جو عمدہ منصوبہ بندی اور اسٹریٹجک نوعیت کے حامل ہیں۔ اسٹب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، ڈیموگرافکس، مائیگریشن، تکنیکی ترقی، وبائی امراض کی روک تھام اور پائیدار ترقی جیسے عالمی مسائل کے حل کے لیے دنیا کو مل کر کوشش کرنی چاہیے،خاص طور پر گلوبل ساؤتھ کے ممالک کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔
انٹرویو میں صدر اسٹب نے کہا کہ اپنے دورہ چین کے دوران انہوں نے چین کی ترقیاتی کامیابیوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فن لینڈ اور چین کے درمیان معیشت، تجارت اور ماحول دوست توانائی کے شعبوں میں عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا کو متعدد عالمی چیلنجز کا سامنا ہے، کثیر الجہتی تعاون وقت کا تقاضہ ہے اور فن لینڈ یورپ چین تعلقات کی ہموار ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔