بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چین کی وزارت تجارت کے بین الاقوامی تجارتی مذاکرات کار اور نائب وزیر وانگ شو ون نے چین کی ریاستی کونسل کے انفارمیشن آفس کی ایک معمول کی پالیسی بریفنگ میں بتایا کہ 2024 میں چین کی غیر ملکی تجارت نے عمومی طور پر ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے۔جنوری سے اکتوبر تک،چین کی بیرونی تجارت کی درآمد اور برآمد کی کل مالیت 36 ٹریلین یوآن رہی، جو کہ سال بہ سال 5.2 فیصد کا اضافہ ہے، اور بین الاقوامی مارکیٹ شیئر بنیادی طور پر مستحکم رہا۔ 8 نومبر کو چین کی ریاستی کونسل کے ایگزیکٹو اجلاس نے “غیر ملکی تجارت کی مستحکم ترقی کو فروغ دینے کے لیے متعدد پالیسیوں اور اقدامات” کا جائزہ لیا اور ان کی منظوری دی تھی۔ اس مقصد کے لیے چین کی وزارت تجارت نے چین کی وزارت خارجہ، وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیپلز بینک آف چائنا، جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز اور دیگر محکموں کے ساتھ مل کر تین پہلوؤں میں نو پالیسی اقدامات کا مطالعہ کیا اور تجاویز پیش کی ہیں۔ وزارت تجارت کے متعلقہ حکام نے کہا کہ یہ پالیسیاں بین الاقوامی تجارتی صورتحال میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا فعال طور پر جواب دیں گی اور غیر ملکی تجارتی اداروں کی عملی مشکلات کو حل کرنے میں مدد کریں گی۔