بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے چین کے تائیوان کے رہنما لائی چھینگ ڈہ کی امریکہ کے راستے “ٹرانزٹ” پر تبصرہ کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ چین ، امریکہ اور تائیوان کے درمیان کسی بھی قسم کے سرکاری تبادلے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، تائیوان انتظامیہ کے رہنما کے کسی بھی نام پر اور کسی بھی بہانے سے امریکہ کا دورہ کرنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، اور امریکہ کی جانب سے “تائیوان کے علیحدگی پسندوں اور ان کی علیحدگی پسند کارروائیوں کے لئے کسی بھی قسم کی ملی بھگت اور حمایت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ چین لائی چھینگ ڈہ کی “ٹرانزٹ” کےلئے امریکی انتظام کی شدید مذمت کرتا ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہوئے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے ٹھوس اور مضبوط اقدامات اٹھائے گا۔ اسی دن چین کی ریاستی کونسل کےدفتر امور تائیوان نے کہا کہ “علیحدگی” کی تکمیل کے لئے لائی چھینگ ڈہ انتظامیہ کی جانب سے کوئی بھی سازش ، بین الاقوامی برادری میں ایک چین کے اصول پر عمل پیرا ہونے کی بنیادی صورتحال کو تبدیل نہیں کر سکتی اور چین کی مکمل وحدت کے عمومی تاریخی رجحان کو روک نہیں سکتی۔ ہم امریکہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایک چین کے اصول اور تین چین امریکہ مشترکہ اعلامیوں کی شقوں کی پاسداری کرتے ہوئے لائی چھینگ ڈہ اور ڈی پی پی انتظامیہ کی “تائیوان کی علیحدگی” کی نوعیت اور نقصان کو صحیح معنوں میں سمجھے اور تائیوان کے مسئلے پر انتہائی احتیاط سے کام لے۔