دریائےچناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر 4 تا 7 جولائی تک درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب سے ملحقہ اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے اونچے اور درمیانے سیلاب کا خدشہ ہے۔
سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، ملتان، حافظ آباد، چنیوٹ، جھنگ، خانیوال، مظفرگڑھ اور راجن پور کے ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں اسٹاف کو الرٹ رکھا جائے، ریسکیو1122کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کوبھی ہائی الرٹ رکھا جائے ریسکیو آپریشن کیلئے پیٹرول و ڈیزل کا اسٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے۔
ڈی جی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے دریاؤں کے قریب مکانوں اور مویشیوں کے انخلاکو یقینی بنائیں، فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، صاف پانی و دیگر سہولتیں یقینی بنائی جائیں، عوام ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔