مظفر آباد : راولاکوٹ ڈسٹرکٹ جیل سے فرار اٹھارہ قیدی دو دن گزرنے کے باوجود گرفتار نہ ہوسکے، آئی جی پی آزادکشمیر نے کہا عوام پولیس کا ساتھ دیں تاکہ فرار قیدیوں کو دوبارہ سے گرفتار کیا جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے فرار قیدیوں کے معاملے پر انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر عبدالجبار نے جیل کا دورہ کیا۔
آئی جی پی آزادکشمیر نے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فرار قیدیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور جیل عملے سمیت جیل سپرنٹنڈنٹ کو شامل تفتیش کر دیا گیا ہے۔
عبدالجبار کا کہنا تھا کہ جلد ہی تمام قیدی دوبارہ سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، فرار قیدی مفرور مجرمان کسی کو بھی نقصان بھی پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل ہے کہ ان کی نشاندہی کریں، حکومت نے بھی قیدیوں کے سر کی قیمت تعین کر لی ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی پونچھ کا کہنا تھا کہ ہم نے فرار قیدیوں کے رشتہ داروں کو بھی گرفتار کر کے شامل تفتیش کر دیا ہے اور تفتیش کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے تاکہ جلد مفروران کو گرفتار کیا جا سکے۔
انھوں نے بتایا کہ حکومتی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنا کام شروع کرتے ہوئے جیل میں قیدیوں اور زیر حراست جیل حکام کے بیانات ریکارڈ کیا گیا ہے۔