بالی وڈ میں ایسے کئی سپرسٹار پیدا ہوئے جنہوں نے اپنے بل بوتے اور بغیر کسی گاڈ فادر کے انڈیا سمیت دنیا بھر میں اپنا نام بنایا۔
جہاں کئی بڑے بالی وڈ ستارے زیادہ تعلیم نہ حاصل کرے وہیں ہندی فلم نگری میں ایسے فنکار بھی ہیں جنہوں نے بیرون ملک سے اداکاری کی باقاعدہ تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔
شوبز ویب سائٹ کُوئی مُوئی کے مطابق یہ پانچ فنکار بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے بعد بالی وڈ میں کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ بالی وڈ میں کون سے اداکاروں نے بیرون ملک سے ایکٹنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔
رنبیر کپور
رنبیر کپور ایسے خاندان میں پلے بڑھے جو کہ بالی وڈ انڈسٹری کا ایک بڑا خاندان سمجھا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے رنبیر کپور بالی وڈ کے ساتھ ہمیشہ سے جُڑے رہے ہیں۔
رنبیر کپور نے کیلیفورنیا کے لِی سٹراسںبرگ تھیٹر اینڈ فلم انسٹیٹیوٹ جیسے معتبر ادارے سے میتھڈ ایکٹنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔
انہوں نے اس تعلیم کے ذریعے راک سٹار، برفی اور سنجو جیسی بڑی ہندی فلموں میں اداکاری کے خوب جوہر دکھائے۔
سونم کپور
اداکارہ سونم کپور نے سنگاپور کے یونائیٹڈ ورلڈ کالج آف ساؤتھ ایسٹ ایشیا سے آرٹس اور تھیٹر میں ڈگری حاصل کی۔
سونم کپور کی اداکاری میں ان کی تعلیم کی جھلک نظر آتی ہے۔
اداکارہ نہ صرف فلموں میں بلکہ فیشن میں بھی اپنی پہچان بنا چکی ہیں۔
رتیش دیش مکھ
رتیش دیش مکھ کا شمار بالی وُڈ کے مشہور اداکاروں میں ہوتا ہے۔
رتیش دیش مکھ نے بھی اپنی اداکاری کی ڈگری لِی سٹراسںبرگ تھیٹر انسٹیٹیوٹ سے حاصل کی۔
اسی ادارے میں انہوں نے سخت اور مشکل کردار نبھانے کی ٹریننگ بھی حاصل کی جس کی وجہ سے انہیں فلموں میں مشکل کردار نبھانے میں آسانی ہوتی ہے۔
جھانوی کپور
جھانوی کپور نے بالی وڈ انڈسٹری میں بہت تیزی سے اپنے قدم جمائے۔
اپنی والدہ سری دیوی کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے جھانوی کپور نے بھی لِی سٹراسںبرگ تھیٹر اینڈ فلم انسٹیٹیوٹ سے پروفیشنل اداکاری کی ڈگری حاصل کی۔
اس ادارے کو مشکل نصاب اور میتھڈ ایکٹنگ جیسے بڑے کورس کی وجہ سے شہرت حاصل ہے اور یہ ہی تعلیم جھانوی کی اداکاری میں دکھائی بھی دیتی ہے۔
جھانوی کپور اب تک ڈھڑک، گنجن سکسینا اور دی کارگل گرل جیسی کامیاب فلموں میں کام کر چکی ہیں۔
اکشے اوبرائے
بالی وڈ اداکار اکشے اوبرائے کو بالی وڈ میں قدم رکھنے سے قبل بیرون ملک میں باقاعدہ اداکاری سیکھنا پڑی۔
اکشے اوبرائے نے نیو یارک کے سٹیلا اڈلیر سٹوڈیو آف ایکٹنگ میں کام کرنا شروع کیا جہاں کام کے ساتھ انہوں نے اداکاری کی تعلیم بھی حاصل کی۔
اس کے علاؤہ انہوں نے لاس اینجلس کے پلے ہاؤس ویسٹ ادارے سے بھی تعلیم حاصل کی۔