اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 21 اگست2024ء) پاکستان اورچین کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں اضافہ ہواہے، جولائی میں چین کوپاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر5.77 فیصد اورچین سے درآمدات میں 53.37 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2024 میں چین کوبرآمدات سے ملک کو160.10 ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 5.77 فیصدزیادہ ہے۔گزشتہ سال جولائی میں چین کوبرآمدات سے ملک کو151.36ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا۔جون کے مقابلہ میں جولائی میں چین کوپاکستان کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈکیاگیاہے،جون میں چین کوپاکستانی برآمدات کاحجم 153.74 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجولائی میں بڑھ کر160.10 ملین ڈالرہوگیا۔
مالی سال 2024 میں چین کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کاحجم 2.707 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے مہینہ میں چین سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر53.37 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے، جولائی میں چین سے درآمدات پر1.478 ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ سال جولائی میں 963 ملین ڈالرتھا۔جون میں چین سے درآمدات پر1.357 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواتھا۔مالی سال 2024 میں چین سے مجموعی درآمدات کاحجم 13.50 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے۔\395