میکسیکو میں چرچ آف دی اینڈ آف ٹائمز کے پادری نے ’’جنت‘‘ میں پلاٹوں کی بکنگ شروع کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چرچ آف دی اینڈ آف ٹائمز کے ایک پادری خدا سے ملاقات کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ وہ جنت میں پلاٹ بیچنے کا مجاز بھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ پادری انتہائی مہنگے داموں اپنی خام خیال جنت میں پلاٹوں کی بکنگ کر رہا ہے اور فی مربع میٹر رقم 100 ڈالر رکھی ہے۔
مذکورہ پادری نے صرف یہی محیر العقول بات نہیں کی بلکہ یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ جو بھی اس پلاٹ کو خریدنے کی خواہش رکھتا ہوم اسے پلاٹ کے سائز سے قطع نظر جنت میں جگہ کی ضمانت بھی دی جائے گی۔
اس کے علاوہ پادری کے دعوے کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کی تشہیر بھی شروع کر دی گئی ہے۔
اس حیران کن دعوے کے بعد سوشل میڈیا پر متضاد تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور کئی صارفین چرچ اور اس عجیب و غریب پیشکش کے بارے میں بات کرتے نظر آرہے ہیں اور زیادہ تر نے اسے ایک مزاحیہ اور مضحکہ خیز بات کے طور پر لیا ہے۔
علاوہ ازیں چرچ والوں کا یہاں تک دعویٰ سامنے آیا ہے کہ انہوں نے 2017 سے اب تک ان پلاٹوں کے عوض لاکھوں ڈالرز جمع کرلیے ہیں۔
ان پلاٹوں کی ادائیگی ویزا، ماسٹر کارڈ، گوگل پے، امریکن ایکسپریس، اور ایپل پے سے کی جارہی ہیں جبکہ پلاٹوں کی قسط کے الگ الگ پلانز دستیاب ہیں۔