ڈیوڈ ملر نے ٹی 20 سے ریٹائرمنٹ کی افواہوں کی تردید کردی

ڈیوڈ ملر نے ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں شکست پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔

جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر بلے باز ڈیوڈ ملر نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں شکست کے بعد اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں اہم بیان دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر بلے باز ڈیوڈ ملر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے بعد اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ابھی ریٹائر نہیں ہو رہے ہیں اور اپنا کھیل جاری رکھیں گے کیونکہ ان کے خیال میں ان کا ’’بہترین وقت ابھی آنا باقی ہے‘‘۔ 
ڈیوڈ ملر جو حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کا فائنل کھیلنے والی اس جنوبی افریقی ٹیم کا حصہ تھے جس کو بھارت سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 7 رنز سے شکست ہوئی تھی اور وہ جیت کے انتہائی قریب آ کر میچ ہار گئی تھی۔ 
پروٹیز کے فائنل میچ ہارنے کی دل شکستہ خبر کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر یہ اطلاعات بھی گردش کرنے لگیں کہ ڈیوڈ ملر ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں، تاہم جنوبی افریقہ مڈل آرڈر بلے باز نے اس حوالے سے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ان تمام افواہوں کی تردید کر دی ہے۔ 
ڈیوڈ ملر نے سوشل میڈیاپر جاری کردہ اپنی پوسٹ میں ورلڈ کپ 2024 کی اپنی ایک تصویر پوسٹ کی اور ساتھ ہی لکھا کہ زیرگردش خبروں کے برعکس میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرڈ نہیں ہورہا بلکہ ٹیم کی نمائندگی کرنے کے لیے دستیاب ہوں گا کیونکہ بہترین وقت ابھی آنے والا ہے۔،،

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے