سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، شہباز شریف 

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری عزت مآب خالد بن عبدالعزیز الفالح اور ایڈوائزر رائل کورٹ عزت مآب محمد التویجری کی عرب-اسلامک سمٹ کی سائیڈ لائینز پر ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے حالیہ باہمی اقتصادی تعاون میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ فیوچر انوسٹمینٹ انیشی ایٹو فورم کی سائیڈ لائینز پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم عزت مآب محمد بن سلمان سے ملاقات انتہائی مفید رہی۔ آپ کا حالیہ دورہء پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل تھا۔سعودی وزیر سرمایہ کاری کے دورہء پاکستان میں تعاون کی 2.8 ارب ڈالر کی جن مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ان میں سے 8 پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔

وزیراعظم نے عرب- اسلامک ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کے انعقاد پر سعودی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اورخادم حرمین شریفین عزت مآب شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورسعودی ولی عہد اور وزیر اعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے