برطانیہ میں انتخابات آج، لیبر پارٹی کو بھاری اکثریت ملنے کی توقع

برطانیہ میں ملک کے نئے وزیراعظم کے لیے آج پولنگ ہو رہی ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق  کیئر سٹارمر کی مرکزی بائیں بازو کی جماعت لیبر پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتی نظر آ رہی ہے۔
کیئر سٹارمر نے جمعرات کو ایک بیان میں ووٹرز سے کہا کہ ’آج برطانیہ ایک نئے باب کا آغاز کر سکتا ہے۔ ہم کنزرویٹو (پارٹی) کی حکومت میں مزید پانچ سال برداشت نہیں کر سکتے۔ تبدیلی تب آئے گی جب آپ لیبر (پارٹی) کو ووٹ دیں گے۔‘
 اے ایف پی کے مطابق پولنگ مقامی وقت کے مطابق چار جولائی کی صبح سات بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گی، جس کے فوراً بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور نتائج کا اعلان پانچ جولائی تک متوقع ہے۔
رواں سال مئی میں برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے قبل از وقت انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔ انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے کئی مہینوں کی بے یقینی کو ختم کرتے ہوئے 44 سالہ رشی سونک نے اپنی 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کی رہائش گاہ کے باہر اعلان کیا کہ ہم توقعات سے پہلے الیکشن کا اعلان کر رہے ہیں۔
رائے عامہ کے جائزوں میں حکمران کنزرویٹیو پارٹی اپوزیشن کی لیبر پارٹی سے کافی پیچھے ہے۔
رشی سونک نے کہا کہ ’وہ لمحہ اب آن پہنچا کہ برطانوی عوام اپنے مستقبل کا انتخاب کرے۔‘
رشی سونک نے 2022 میں صرف 45 دن تک وزیرِاعظم رہنے والی لز ٹرس کے مستعفی ہونے کے بعد وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق سروے سے پتہ چلتا ہے کہ بہت سے ووٹرز لیبر پارٹی کی بھرپور حمایت کرنے کے بجائے صرف تبدیلی چاہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے