بیجنگ: چین میں زرعی اراضی کی آبپاشی کے لئے پانی کے باکفایت استعمال کے طریقے پاکستان ،آسیان کے دیگر ممالک ، وسطی ایشیا اور افریقا کے لئے بھی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ یہ بات چین میں پانی کے باکفایت استعمال کی صنعت سے وابستہ ادارےتیانجن دیو اریگیشن گروپ کے عہدیداران نے دوسری چائنا انٹرنیشنل سپلائی چین ایکسپو (سی آئی ایس سی ای) کے موقع پر چائنا اکنامک نیٹ کو بتائی۔
عہدیداران کے مطابق اس سال کے آغاز میں دس لاکھ ایکڑ پر مشتمل گرین پاکستان سمارٹ فارم پراجیکٹ کے لیے آلات کی پہلی کھیپ جس میں تیانجن دیو اریگیشن گروپ کا حصہ بھی شامل تھا، کو پاکستان پہنچا دیا گیا ہے۔اس میں شامل20 سپرنکلر مشینوں کی پہلی کھیپ اور 2000 ہیکٹر پر محیط انٹیلیجنٹ واٹر فرٹیلائزر مربوط ڈرپ اریگیشن سسٹم کو گندم، کپاس، ٹماٹر، مکئی اور دیگر فصلوں اور آبپاشی کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے جو سمارٹ فارم کی تعمیر کے لیے اہم تکنیکی معاونت فراہم کرتا ہے۔
عہدیداران کے مطابق پاکستان میں جہاں مقامی آبی وسائل نسبتاً کم ہونے کی وجہ سے پانی کے باکفایت استعمال کی زرعی سہولیات اور سمارٹ زرعی پیداوار کی سطح کو بہتر بنانے کی فوری ضرورت ہے، ہماری سہولیات یہ ضروریات پوری کر سکتی ہیں۔\932